بنگلورو:15/اگست (ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج یوم آزادی تقریبات کے موقع پر شہر کے فیلڈ مارشل مانک شا پریڈ گراؤنڈ میں ترنگا لہرانے کے بعد ریاستی عوام سے مخاطب ہوکر متعدد نئی فلاحی اسکیموں کا اعلان کیا۔ اس کے تحت حاملہ اور زچہ خواتین کیلئے سدرامیا نے ماترا پورنا نامی نئی اسکیم متعارف کرواتے ہوئے کہاکہ اسے آنگن واڑی سطح پر لاگو کیا جائے گا۔اسی طرح بین الاقوامی معیار کی تعلیم عام کرنے کیلئے ایک نالج سٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔ ساتھ ہی مختلف مذاہب سے وابستہ لوگوں کو اپنے مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے سہولت فراہم کرنے کیلئے پنیت یاترا اسکیم لاگو کرنے کا اعلان کیا۔ ریاست میں سرمایہ کاری کو بڑھاوا دینے کیلئے سدرامیا نے نومبر کے دوران عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کے اہتمام کا بھی اعلان کردیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہاکہ مذہب کے نام پر سیاسی فائدہ اٹھانے والے اس ملک کے غدار ہیں۔ ان کے منصوبوں کو کبھی کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ریاستی حکومت 2018 تک ریاست کے سبھی دیہاتوں میں مفت وائی فائی سہولت لاگو کرے گی۔ کنڑا زبان ، زمین اور پانی کے مسئلے پر کبھی مصالحت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کرناٹک کو بھوک سے آزاد کرانے قدم آگے بڑھاچکی ہے، اسی مقصد کے تحت کل ہی سے بنگلور میں اندرا کینٹین شروع کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مذہب انسانی زندگی کا ذاتی حصہ ہے، اس کو گھروں تک ہی محدود رکھا جائے ، فرقوں اور اقوام کے درمیان نفرت کو بڑھاوا دے کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا ان کی نظر میں ملک سے غداری ہے، ایسا کام کرنے والے جو بھی ہوں ان کو ناکام بنانا وقت کا تقاضہ ہے۔ ذات پات اور مذہب کے نام پر سماج میں تفریق پیدا کرنے والے کبھی ملک کا بھلا نہیں چاہتے۔ ریاستی حکومت سماج کے تمام طبقات کی فلاح وبہبود کیلئے کام کررہی ہے۔ ریاست کے ہر شہری کے معیار زندگی کو بلند کرنا ہی کرناٹک کا ترقیاتی ماڈل ہے۔ ریاست میں کنڑا کو تمام زبانوں سے برتر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کنڑا کی برتری کے ساتھ ریاستی حکومت کبھی مصالحت نہیں کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہاکہ سرکاری پالیٹکنکوں میں رواں سال 23نئے ہاسٹلس قائم کئے جائیں گے۔ ریاست کو جھونپڑ پٹی سے آزاد بنانے کیلئے اب تک 11.75 لاکھ مکانات تعمیر کئے گئے ہیں۔ رواں سال مزید 7؍لاکھ مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت چاہتی ہے کہ سماجی اور علاقائی عدم توازن ختم کیا جائے اور تمام علاقے یکساں طور پر ترقی کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اسکولوں سے باہر ڈراپ آؤٹ ہوجانے والے اقلیتی طبقے کے بچوں کو تعلیم کے سفر میں واپس لانے کیلئے حکومت رواں سال دو سو مولانا آزاد ماڈل اسکول شروع کرے گی۔ مہاتما گاندھی کی 150ویں جنم دن کو شاندار پیمانے پر منانے کیلئے ریاستی حکومت کی تیاریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس مرحلے میں ریاست کے گوشہ گوشہ میں آباد لوگوں کو بیت الخلا کی سہولت صد فیصد فراہم کی جائے گی اور ضرورت سے فراغت کیلئے باہر جانے کا سلسلہ ریاست میں مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ دولت ، اقتدار اور دیگر سہولیات پر عرصۂ دراز سے چند مخصوص طبقات کا قبضہ رہا ہے، ریاستی حکومت کا منشا ہے کہ اقتدار میں بہتر مواقع سماج کے محروم طبقات کو بھی ملیں۔ اسی مقصد کے تحت اقتدار میں لامرکزیت کو فوقیت دی جارہی ہے۔